Daily Systematic Metro EPaper News National and International Political Sports Religion
اہم خبریںپاکستان

اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ، دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی آئینی حدود سے آگاہ ہیں، دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے اپنے خطاب میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں۔

آرمی چیف نے کیڈٹس سے کہا کہ آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے، آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لیے بھی غیر معمولی ہوگا۔

آپ مادر وطن کے دفاع،عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے، آرمی چیف نے مزید کہا کہ عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں،اسلحے کی دوڑ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑنے کا امکان ہے۔

مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں، ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے،پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019 ء ہم سب کے سامنے ہے، ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں،غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے۔

آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے،کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے کہا کہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، راشد منہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں جنہوں نے وطن عزیز کے وقار کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات اور زندگیاں پیش کیں، آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کے لیے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔

Related posts

گیری کرسٹن 19 مئی کو پاکستان ٹیم جوائن کرلیں گے، پی سی بی

Mobeera Fatima

بوگس کیسز چل رہے ہیں ، دعا ہے میرٹ پر فیصلہ ہو ، زرتاج گل

Mobeera Fatima

ڈی آئی خان،دہشتگردی کا نشانہ بننے والے کسٹم اہلکاروں کو پیشگی اطلاع مل جانے کا انکشاف

Mobeera Fatima

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. قبول کریں۔ مزید پڑھیں

Privacy & Cookies Policy